سرینگر ،06؍جون(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) فوج نے جموں کشمیر کے ماچھل سیکٹر میں کنٹرول لائن پر تین دہشت گردوں کو مار گرانے کے ساتھ ہی دراندازی کی کوشش آج ناکام کر دی۔فوج کے ایک افسر نے بتایا کہ فوجیوں نے کپواڑہ ضلع کے ماچھل سیکٹر میں کنٹرول لائن پر مشتبہ سرگرمی دیکھنے کے بعد دراندازی کرنے لوگوں کو للکارا۔انہوں نے بتایا کہ تصادم میں تین دہشت گرد مارے گئے۔علاقے میں تلاشی مہم چل رہی ہے۔ اس سے پہلے منگل کو شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے ہجن تھانے کے قریب واقع فوج کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں نے دستی بم پھینکے۔پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں نے منگل کی رات تقریباًساڑھے آٹھ بجے فوج کی 30 قومی رائفلس کے کیمپ پر اڈربیرل گرینیڈ لانچر کے ذریعے گرینیڈ پھینکے۔دہشت گردوں نے دو جانب سے تھانے سے ملحقہ کیمپ پر گرینیڈ پھینکے۔ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ حملے کااثر دار طریقے سے جواب دیا گیا۔یہ خود کش حملہ نہیں تھا۔افسر نے کہا کہ علاقے کو گھیر لیا گیا اور تحقیقاتی مہم چلائی گئی ہے۔اس سے پہلے گزشتہ اتوار کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں فوجی کیمپ پر بھی دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔اس دہشت گردانہ حملے میں فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا تھاوہی، ایک شہری کی بھی موت ہو گئی تھی۔